لاہور(۔۔۔۔۔۔پاکستان تحریک انصاف نے 27ستمبر کو ملک گیر احتجاج اور لانگ مارچ کے لیے پنجاب بھر میں تفصیلی لائحہ عمل تیار کرلیا ہے،وسطی پنجاب میں لاہور اور فیصل آباد کو احتجاج کا مرکزی مقام بنایا جائے گا، جبکہ جنوبی پنجاب کے رہنما اور کارکن احتجاج میں شرکت کے لیے خیبر پختوانخواہ ہاﺅس کا رخ کریں گے۔پی ٹی آئی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پارٹی کے اندر مشاورت میں یہ طے کیا گیا ہے کہ ضلع لاہور، قصور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ، ساہیوال اور پاکپتن کے رہنما اور کارکنان 27ستمبر کو لاہور میں بھرپور احتجاج کریں گے۔منصوبے کے مطابق 26ستمبر کی رات ان اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور کارکنان مال روڈ پر اکٹھے ہوں گے اور 27ستمبر کو مال روڈ پر بڑے پیمانے پر احتجاج ہوگا۔وسطی پنجاب کو لاہور میں شٹر ڈاﺅن کی کال دینے کے حوالے سے مشاورت کی جارہی ہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں بھی اسی روز بھرپور احتجاج ہوگا،جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما، کارکن اور ورکرز فیصل آباد گھنٹہ گھر کے قریب اکٹھے ہوں گے اور شہر کو اس روز بند کرنے کی کال دی جائے گی۔پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ اپر پنجاب میں احتجاج لاہور اور فیصل آباد میں ہوگا جبکہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی اراکین، رہنما اور کارکنان خیبرپختونخوا ہ کا رخ کریں گے۔ جنوبی پنجاب کے ہر رہنما کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ 15سے 20افراد لازمی لے کر 26ستمبر کو خیبرپختونخوا ہ ہاﺅس پہنچیں۔پارٹی کے مطابق یہ پرامن احتجاج ہوگا اور آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کیا جائے گا۔
You can share this post!
administrator



