DAILY AFTAB QUETTA

بھرتیوں کے عمل کو تیز کرنے اور امیدواروں کو سہولت فراہم کرنے کی ضرورت ہے، سیدال خان ناصر

بھرتیوں کے عمل کو تیز کرنے اور امیدواروں کو سہولت فراہم کرنے کی ضرورت ہے، سیدال خان ناصر

کوئٹہ +اسلام آباد۔۔۔۔۔۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو وفاقی ملازمتوں میں ان کے مقررہ کوٹے کے مطابق مواقع فراہم کرنا صوبے کی ترقی، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم آفس کی ہدایات پر وفاقی حکومت میں بلوچستان کے کوٹے کے تحت گریڈ 1 سے 16 تک کی خالی آسامیوں پر فوری بھرتیوں کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، جس سے صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور وفاقی اداروں میں ان کی نمائندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، بلوچستان کے کوٹے کے تحت خالی آسامیوں کو پ±ر کرنے کے لیے فوری اقدامات، متعلقہ بھرتیوں کے عمل کو تیز کرنے اور امیدواروں کو سہولت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں بلوچستان فیڈرل گورنمنٹ فیسلیٹیشن سینٹر (BFGFC) کا قیام بھی اہم پیش رفت ہے۔ گریڈ 16 تک کی آسامیوں کے لیے عمر کی بالائی حد میں 35 سال تک خصوصی رعایت کی فراہمی سے مزید امیدواروں کو وفاقی ملازمتوں کے حصول کا موقع مل سکے گا۔ان خیالات کا اظہار قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے پارلیمنٹ ہاو¿س اسلام آباد میں سینیٹر عبدالشکور خان، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فرحان چشتی، رکن قانون ساز اسمبلی ازاد کشمیر سحرش قمر، ملک معروف ٹرانسپورٹر ملک اسحاق کاکڑ کی وفد کے ہمراہ ، پارلیمانی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی راجہ حنیف نے وفد کے ہمراہ اور سابق ڈپٹی میئر میر یونس بلوچ سمیت ، تاجروں، سرمایہ کاروں، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی، وفاقی ملازمتوں میں صوبے کے کوٹے، معاشی استحکام، سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ وفاقی حکومت صوبے کے عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کے اہل نوجوانوں کو میرٹ اور مقررہ صوبائی کوٹے کے مطابق وفاقی ملازمتوں میں مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں مو¿ثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک اہم صوبہ ہے اور اس کی ترقی و خوشحالی ملک کی مجموعی ترقی سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔ صوبے میں روزگار کے مواقع بڑھانے، سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط بنانے اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے مو¿ثر اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ حکومت، کاروباری برادری اور دیگر متعلقہ طبقات کے درمیان قریبی تعاون ان اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام ہم سب کا مشترکہ مقصد ہے۔ قومی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ تمام طبقات سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور باہمی تعاون کے ذریعے ملک کو درپیش چیلنجز سے مو¿ثر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے۔ بلوچستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان سمیت ملک کے تمام علاقوں کی متوازن ترقی، عوامی مسائل کے حل، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور معاشی استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مو¿ثر بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے مقررہ کوٹے پر عمل درآمد اور خالی آسامیوں کو پ±ر کرنے کے اقدامات صوبے کے نوجوانوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہو سکتے ہیں۔

administrator

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

اہم خبریں